کنٹونمنٹ انتخابات؛ (ن) لیگ نے پنجاب، پی ٹی آئی نے خیبر پختون خوا میں میدان مار لیا

Cantonment Board Elections

Cantonment Board Elections

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک بھر میں قائم 42 کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا پنجاب میں ن لیگ اور خیبر پختو خوا میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا بقیہ صوبوں میں تحریک انصاف اور ن لیگ میں مقابلہ جاری ہے جب کہ آزاد امیدواروں کی بھی بھاری اکثریت کامیاب ہوئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک بھر میں موجود کنٹونمنٹ بورڈز کی 219 نشستوں میں سے اب تک 99 نشستوں کے نتائج موصول ہوگئے۔ نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے 29، مسلم لیگ (ن) نے 29، پیپلز پارٹی نے 8، ایم کیو ایم نے 8 اور آزاد امیدواروں نے 27 نشستیں حاصل کیں۔

پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈز کی 64 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے 26 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور اول نمبر پر ہے جب کہ تحریک انصاف 19 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ آزاد امیدواروں نے 19 نشستیں حاصل کیں۔

شہر قائد کے 6 کنٹونمنٹ بورڈ کے 42 وارڈز پر پی ٹی آئی نے 14، پیپلز پارٹی نے 11، جماعت اسلامی 5، ایم کیو ایم 3، مسلم لیگ نون 3 اور 6 آزاد امیدواروں نے میدان مارلیا۔ کامیاب امیدواروں میں صرف ایک خاتون شامل ہیں۔

کراچی میں 6 کنٹونمنٹ بورڈ کے 42 وارڈز کے نمائندوں کے لیے پولنگ میں مجموعی طور پر 343 امیدوار میدان میں تھے جن میں سے 238 کا تعلق سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے تھا جبکہ 105 امیدواروں نے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لیا۔ پولنگ کے لیے کل 287 پولنگ اسٹیشنز اور ایک ہزار 115 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے۔

لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ نے مجموعی طور پر 15 نسشتوں پر فتح سمیٹ لی۔ 3 نشتوں پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب رہے جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار نے جیتی۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، مریم نواز اور خواجہ سعد رفیق کی مبارکباد، کارکنوں نے خوشی میں بھنگڑے ڈالے، ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔

مسلم لیگ (ن) نے والٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں کلین سویپ کیا جبکہ لاہور کینٹ کنٹونمنٹ میں چھ وارڈز میں جیتی۔ تحریک انصاف اپنے دعووں کے برعکس 20 وارڈز میں سے صرف 3 وارڈز میں کامیابی حاصل کرسکی۔ غیر یقینی طور پر آزاد امیدوار لاہور کینٹ کنٹونمنٹ سے ایک وارڈ میں جیتنے میں کامیاب ہو۔

راولپنڈی
چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کی دس وارڈز پر انتخابی دنگل میں مسلم لیگ ن نے پانچ سیٹیں لے کر میدان مار لیا۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف 10 میں سے صرف دو سیٹوں پر کامیابی سمیٹ سکی۔ جماعت اسلامی نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا۔

خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کا پلڑا بھاری رہا۔ پشاور کنٹونمنٹ بورڈ کے کل 38 حلقوں میں سے 20 پر پی ٹی آئی نے کلین سویپ کرلیا جب کہ چھ پر آزاد امیدوار جیتے اور وہ بھی پی ٹی آئی کے ہم خیال ہیں۔

ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے لیے پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ مقررہ وقت گزرنے کے بعد جو ووٹرز پولنگ اسٹیشن اندر داخل ہوچکے انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی گئی۔

پریذائیڈنگ افسران ووٹوں کی گنتی کے فوراً بعد نتائج کا اعلان پولنگ اسٹیشن پر کریں گے جبکہ ریٹرننگ افسر وارڈز کے نتائج کی تکمیل کے بعد فوری طورپر غیر حتمی نتائج کا اعلان کریں گے۔

ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں 219 وارڈز ہیں، 7 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں، کامرہ کے 5 میں سے 4 وارڈز میں حلقہ بندی کے تنازع کے باعث الیکشن نہیں ہوا جب کہ راولپنڈی اور پنوں عاقل کے ایک ایک وارڈ میں بھی امیدواروں کے انتقال کےباعث انتخاب ملتوی کردیئے گئے، اس طرح 206 وارڈز میں ووٹنگ ہوئی۔

کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں مجموعی طور پر ایک ہزار 559 امیدوار میدان میں آئے، سب سے زیادہ 180 امیدوار پی ٹی آئی نے اتارے، مسلم لیگ (ن) کے 143، پیپلز پارٹی 112، جماعت اسلامی 104، کالعدم تحریک لبیک پاکستان 86، اللہ اکبر تحریک کے 74 ، ایم کیو ایم کے 42، پی ایس پی 35، (ق) لیگ 34 اور جے یوآئی کے 25 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا، اس کے علاوہ 659 آزاد امیدوار نے بھی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں قسمت آزمائی کی۔

امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر پولیس تعینات رہی جب کہ پولنگ اسٹیشنز کی حدود کے باہر رینجرز اور ایف سی اہل کار بھی موجود تھے۔ رینجرز اور ایف سی کے انچارج افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کیے گئے۔ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے۔