اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں فوج کی تعیناتی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کر دی ہے۔ وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں پاک فوج کی تعیناتی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کر دی ہے جس کے بعد فوج کے اہلکار وفاقی دارالحکومت میں اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ اسلام آباد میں فوج کی تعینات کی مدت ختم ہونے پر اس میں توسیع کی گئی ہے اور مستقبل میں بھی ضرورت پیش آئی تو آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی تعیناتی میں توسیع کر دی جائے گی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے توسیع کے بعد پاک فوج کے اہلکار پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم سیکریٹریٹ، پاکستان سیکریٹریٹ اور کابینہ ڈویژن سمیت اسلام آباد کی اہم عمارتوں کی سکیورٹی کے لیے بدستور فرائض انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے رد عمل کے پیش نظر 24 جولائی کو اسلام آباد میں 3 ماہ کے لیے تعینات کیا گیا تھا اور اب تعیناتی کی مدت ختم ہونے پر آرٹیکل 245 کے تحت اس میں توسیع کی گئی ہے۔