دارالحکومت لاہور کے حضوری باغ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا

Lahore

Lahore

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ماہ اگست میں جشن آزادی کی تقریبات کو پنجاب بھر میں شایان شان طریقے سے منانے کا آغاز کر دیا ہے اس ضمن میں صوبائی دارالحکومت لاہور کے حضوری باغ میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، ایم این اے پرویز ملک،ایم این اے شائستہ پرویز ملک،خواجہ احمد احسان،ایم پی اے خواجہ عمران نذیر،ایم پی اے غزالی سلیم بٹ،ایم پی اے چوہدری شہباز،ڈی سی او کیپٹن (ر)محمد عثمان اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد اور سکولوں کے بچوں نے شرکت کی ۔تقریبات کا آغازمفکر پاکستان اور برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کرنے والے شاعرمشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے مزار پر دعا سے کیا گیاـ اس موقع پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد دعا کی۔ بعد ازاں مختلف سکولوں کے بچوں اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے حضوری باغ کے احاطہ میں ملی نغمے گائے اور تحریک پاکستان میں حصہ لینے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر حضوری باغ اور مینار پاکستان کو قومی پرچم سے سجایا گیا تھا مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے تیار ہے اور پوری قوم متحد ہو کر تمام مسائل کا جرات مندی کے ساتھ سامنا کرے گیـ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے حامی عوامی حکومت سے مذاکرات کرنے سے انکار کیوں کر رہے ہیں جس ملک میں جنگ چل رہی ہو وہاں سیاسی احتجاج کوئی جماعت نہیں کرتی ۔تقریبات آزادی لاہور کی طرح فیصل آباد،راولپنڈی،اٹک ،وہاڑی،راجن پور ،لودھراں ،لیہ اور شیخوپورہ کے علاوہ پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں منعقد کی گئیں ـ ان تقریبات میں پاکستان مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ـ ان تقریبات میں قومی پرچم لہرائے گئے ، قومی ترانے پیش کئے گئے اور ملکی ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔