کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام کے باعث غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور کرپشن عروج پر ہے، پاکستان کو جرات مند، بہادر اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے اراکین کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔
الطاف حسین نے کہا کہ غیرمنصفانہ نظام کا خاتمہ نئے، مستحکم، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کاسنگ بنیاد ثابت ہو گا، عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ فرسودہ نظام کو بچانا چاہتے ہیں یا پاکستان کو، اب ہر ایک کی زبان پر یہی نعرہ ہونا چاہئے کہ کرپٹ سیاسی نظام کا خاتمہ کرو، پاکستان کو بچاوٴ۔
الطاف حسین نے کہا کہ گندگی اور پاکیزگی ایک دوسرے کی ضد ہے، پاکستان، پاک ہے اور جاگیردارانہ اور غیرمنصفانہ نظام گندگی ہے، لہذا پاکستان کو مستحکم، روشن اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے گندگی کا خاتمہ لازمی ہے۔