عبوری سیٹ اپ کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے ‘ آل پاکستان مسلم لیگ

Karachi

Karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) عوام اس بات کو جان چکے ہیں کہ موجودہ سیاسی نظام عوامی مفادات کے تحفظ کا ضامن ہرگز نہیں ہے کیونکہ اس نظام کے تحت ایک مخصوص ٹولہ قوم کے مقدر کا مالک بن بیٹھا ہے اور اپنی ناقص حکمت عملی و مفاداتی پالیسی کے تحت قوم کے مقدر میں مسائل ‘ مصائب اور پریشانیاں لکھنے میں لگا ہے جس کی وجہ سے عوام عدم تحفظ کے ساتھ بیروزگاری و غربت سے بھی دوچار ہیں اور عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی ناممکن ہوتا جارہا ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویزمشرف کا یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ انتخابات کے ذریعے صالح قیادت کا اقتدار میں آنا ممکن نہیں اور اسلئے ملک و قوم کے وسیع تر مفادمیں اب یہ ناگزیر ہوچکا ہے کہ وطن عزیز میں آرمی کی حمایت سے عبوری سیٹ اپ قائم کرکے سسٹم کی خرابیوں کو دور کیا جائے۔

جاگیرداروں ‘ سرمایہ داروں ‘ صنعتکاروں اور چند مخصوص خاندانوں کے ہاتھوں یرغمال بنے جمہوری نظام میں اصلاح ممکن نہیں ہے کیونکہ جمہوری نظام کی بدولت اقتدار میں آنے والے قومی و عوامی مفادات کے تحفظ اور قومی وعوامی پالیسی سازی کی بجائے اپنے اقتدار کی بقا ء کیلئے عوام کو مسلسل دھوکہ دے رہے ہیں اور معاشی خوشحالی کے نام پر قومی وعوامی مفادات کو آئی ایم ایف ‘ بیرونی سرمایہ کاروں اور بیرونی قرض کے شکنجے میں جکڑ نے کے ساتھ قومی اثاثوں کو فروخت کرکے اپنے ہوس زر کی تسکین کے ذریعے عوام کو دو وقت کی روٹی سے بھی محرومی کی جانب لے جارہے ہیں جس کا ثبوت بڑھتی ہوئی مہنگائی ‘ گرانی اور عوام کے مسائل و مصائب میں اندوہناک اضافہ ہے۔

اسلئے ملک و قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے مشرف کی تجویز کے تحت فی الفور فوج کی حمایت سے طویل عرصہ کیلئے عبوری سیٹ اپ قائم کرکے تمام خرابیوں کا حل تلاش کیا جائے اور سسٹم کی مکمل اوورہالنگ کے بعد ملک میں دوبارہ جمہوریت کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ جمہوریت کے ثمرات محض چند خاندانوں اور مقتدر طبقات تک محدود رہنے کی بجائے نچلی سطح تک منتقل ہوں اور عام عوام بھی ان ثمرات سے فیضیاب ہوکر اطمینان ‘ آسودگی اور خوشحالی کے مستفید ہوسکیں۔