کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں پی ڈی ایم رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری انتہائی افسوسناک ہے اور ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پی ٹی آئی کی جانب سے مزار قائد پر ہلڑ بازی کی گئی، ان لوگوں نے تو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے تقدس کو بھی پامال کیا جہاں اونچی الفاظ میں بات کرنے کی بھی ممانعت ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کراچی میں حکومت سندھ کی مہمان تھیں، اور وزیراعلیٰ سندھ کیپٹن صفدر کی گرفتاری سے متعلق اپنی وضاحت دے چکے ہیں کہ انہوں نے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم صفدر پی ڈی ایم کی لیڈر نہیں ہماری بیٹی اور بہن بھی ہے اور کیپٹن صفدر کو گرفتار کر کے ہماری حرمت پر حملہ کیا گیا لیکن ہم اپنی حرمت کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے بھی اس معاملے پر بات ہوئی ہے، اور انہوں نے بھی معاملے پر شرمندگی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔