کپتانی چھن جانے کا غصہ، ویسٹ انڈین ڈیرن سیمی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

Darren Sammy

Darren Sammy

بارباڈوس (جیوڈیسک) ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھن جانے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو ہی خیرباد کہہ دیا۔

گزشتہ روز ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ڈیرن سیمی کی جگہ وکٹ کیپر دنیش رامدین نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت کریں گے۔

نئے کپتان کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ڈیرن سیمی اتنے دلبرداشتہ ہوئے کہ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ تیس سالہ سیمی کو 2010 میں کرس گیل کے معاہدے نہ ہونے کے معاملے پر کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

ان کی زیر قیادت ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 12 میں سے چار ٹیسٹ میچز جیتے تھے ۔ طویل فارمیٹ کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈیرن کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنی تمام تر توجہ ٹی 20 کرکٹ میں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک روزہ کرکٹ میں بھی ٹیم کے لیے دستیاب ہونگے۔تجربہ کار آل راؤنڈر ڈیرن سیمی نے ٹیسٹ کیرئیر میں 38 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں 5 نصف اور ایک سنچری سمیت 1323 رنز سکور کیے جبکہ انہیں 84 شکار کرنے کا موقع حاصل ہوا۔