کپتان کا تقرر لمبی مدت کے لیے ہونا چاہیے: معین خان

Moin Khan

Moin Khan

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان نے کپتان کی تقرری لمبی مدت کے لیے ہونے کی حمایت کر دی۔ کہتے ہیں کہ قائد کو بہترین کارکردگی کا حامل ہونا چاہیے۔

باغ جناح میں گفتگو کرتے ہوئے ٹیم منیجر ، چیف سلیکٹر اور کوچ کمیٹی کے ممبر نے کہا کہ کپتان کا تقرر لمبی مدت کے لیے ہونا چاہیے اور قائد کا رویہ اور کھیل سب کے لیے مثالی ہونا چاہیے۔

میڈیا کے سامنے معین خان نے واضح کیا کہ موسم گرما میں سینئر اور جونیئرز کے تربیتی کیمپ لگائیں گے جس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کو خاص طور پر سامنے رکھا جائے گا۔ اپنی دوہری بلکہ تہری ذمہ داری کے حوالے سے معین خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسے چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے البتہ وقار یونس کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کا سوال وہ گول کر گئے۔