تحریر: لقمان اسد لاہور زندہ دلوں کا شہر ہے زندہ دلاں لاہور نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ جعلی مینڈیٹ والوں کے ساتھ نہیں کھڑے کل کپتان کی لاہور آمد پر جس طرح اہل لاہو اُمڈ آئے وہ رائے ونڈ کے بادشاہوں کیلئے آنے والے کل کا نقشہ ہے اب بھی وقت ہے کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھیں اور سبق سیکھیں اب تک وہ اس زعم میں تھے کہ ہم دیکھیں گے کیسے عمران لاہور بند کرتا ہے لیکن اُنہی کے شہر لاہور میں عوام کے سمندر نے ہر دعوے کو یکسر مسترد کر دیا۔
جنوبی پنجاب کا سارا بجٹ لاہور پر خرچ کرنے والے شریف زادوں پر لاہور کے زندہ دلان نے کل واضح کردیا کہ وہ سو جتن چاہیں کریں جتنے ترقیاتی منصوبے دیں ،جتنی میٹرو بس سروسز کا آغاز کریں، جتنی تعداد میں چاہیں اندر پاسز ،اور ہیڈ بریجز بنادیں لیکن ظلم دھاندلی اور دھونس پر زندہ دلان لاہور کو خاموش تماشائی نہیں بنایا جا سکتا
دنیا میں قتیل اُس سا منافق نہیں کوئی جو ظلم تو سہتا ہے بغاوت نہیں کرتا
قتیل شفائی کے اس شعر کے مصداق لاہوریوں کا یہ عزم اُجاگر ہوکر لاہور کی شاہراہوں پر بکھر گیا کہ وہ ظلم کے نظام کے سامنے سر تسلیم خم نہ کریں گے کل جب لاہور کی فضا میں ”گو نواز گو ”کے فلک شگاف نعرے بلند ہورہے تھے تو رائے ونڈ کے محلات میں محصور میاں برادران اپنے سیاسی مربی اور پیر و مرشد آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر آئندہ کے لائحہ عمل کی مشاورت میں مصروف رہے ہوں گے لیکن لاڑکانہ اور پھر کراچی میں تحریک انصاف کے سیاسی شو آف پاور ابھی تک آصف علی زرداری کے ذہن پر بوجھ ہیں اور وہ اپنی جماعت کا شیرازہ بکھرتا دیکھ کر پہلے ہی سخت ذہنی اذیت کا شکار ہیں 2013کے الیکشن سے قبل سیاست کے خود ساختہ ڈاکٹر کا تجزیہ محض یہ تھا کہ عمران خان لاہور کی ممی ڈیڈی بر گر کلاس کا ہیرو ہے اور ن لیگیوں کیلئے درد ِ سر مگر جب پی ٹی آئی کے ٹائیگرز اُن کی ہی جماعت کے سیاسی قبلہ لاڑکانہ پر حملہ آور ہوئے اور ایک کامیاب سیاسی اجتماع کرکے وہان اپنی فتح کے جھنڈے گاڑے تب اُس نے کہا سیاست میں ایک بھیڑیا آیا ہوا ہے۔
PTI Protest
چند ماہ تک اُس کی سیاست دفن ہو جائیگی لیکن اُن کا تجزیہ حالات نے غلط ثابت کر دیا ہے اور حالات جس ڈگر پر چل نکلے ہیں وہ تو اس بات کا پتہ دیتے ہیں کہ باریوں کی سیاست دفن ہونے کا وقت قریب آپہنچا ہے اور کپتان کی جارحانہ سیاسی اننگز نے باری کے فلسفہ پر قائم ذاتی مفادات کا کھیل کھیلنے والوں کی بے بصیرت سیاست کا قلع قمع کرنے کا کوئی دقیقہ واگزاشت نہیں چھوڑا چار حلقوں میں ہونے والی دھاندلی پر تحقیقات کا مطالبہ مسترد کرنے والوں کو وطن عزیز کی اکثریت نے یکسر مسترد کر دیا ہے کہ اب نواب شاہ کا زرداری عوام کے سونامی سے اُنہیں بچا نہیں سکتا سیاست کے اُس خود ساختہ ڈاکٹر کے حوالے سے یہ بھی عرض کرتا چلوں کہ جب وہ اقتدار کے سنگھاسن پر بر اجمان ہوئے تو اُن کے سیاسی پلڑے میں بے نظیر بھٹو کی شہادت کا وزن تھا اور آج اگر وہ پارٹی کو اُس سطح پر لے آئیں گے جہاں عوامی طاقت اُس کا خاصہ تھا۔
تب یہ بھی مانا جائے گا کہ اُس کا ہاتھ واقعتاً عوام کی نبض پر ہے وگرنہ وہ ڈاکٹر کاہے کا بہر حال کپتان نے بھٹو اور بے نظیر کے لاڑکانہ کے بعد داتا کی نگری میں بھی اپنی جارحانہ فتح کے جھنڈے گاڑھ دیئے ہیں کالم جب لکھا جارہا تھا تو حسب دستور وزیر اطلاعات پرویز رشید ٹی وی پر نمودار تھے اور فرمارہے تھے چار جانیں عمران خان کی سیاست کی نذر ہو چکی ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ اُن کر قاتل کون ہیں اور اس پریس کانفرنس میں اُنہوں نے ماڈل ٹائون میں جان کی بازی ہارنے والوں کا ذکر کیوں نہ کیا یہ کیوں نہ بتایا سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے کی جانے والی تحقیقات کس سرد خانے میں دب کر رہ گئی ہیں؟