اسلام آباد (جیوڈیسک) نواز لیگ کپتان کے خلاف خم ٹھونک کر میدان میں آگئی ہے ، طلال چوہدری تو یہاں تک کہتے ہیں عمران خان تو “کرپٹ بچاؤ جہاز چلاؤ” مہم چلا رہے ہیں ۔ دانیال عزیز کہتے ہیں کپتان کی سیاسی قلابازیاں اور یوٹرن دیکھنے کے قابل ہیں۔
ہر روز ایک نیا الزام ، پانامائے اعمال منظر عام پر کیا آئے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ زور پکڑ گئی ۔ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے دانیال عزیز نے عمران خان پر کڑی تنقید کی اور خوبلتاڑا۔
دانیال عزیز نے کہا پاناما لیکس میں وزیر اعظم کے نام پر آئی سی آئی جے نے غلطی تسلیم کی ، معافی بھی مانگیں گے۔ طلال چودھری نے جہانگیر ترین کے بخیئے ادھیڑتے ہوئے کہا 1980 میں موٹر سائیکل رکھنے والا آج جہاز کا مالک ہے۔
انہوں نے کہا یہ مہم کرپشن مٹاؤ ، ملک بچاؤ نہیں بلکہ کرپٹ بچاؤ جہاز چلاؤ مہم ہے ۔ طلال چودھری نے کہا احتساب اب شروع ہوگا ، جعلی نعرے لگانے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔