لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہمارا فرانزک آڈٹ محترمہ بینظر بھٹو اور پرویز مشرف کے دور میں بھی ہو چکا ہے۔ ہمیں فرانزک آڈٹ سے کوئی نہ ڈرائے۔ جن کا اب ڈی این اے ہونا ہے انہیں فکر کرنی چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید نے عمران خان اور اپوزیشن جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی محنت کشوں کا خاندان تھا جسے جلا وطن کیا گیا۔ وزیراعظم کے بچے اپنی مرضی سے ملک سے باہر نہیں گئے۔ مشرف کے جبر نے بچوں کو پاکستان آنے سے روکا۔
نواز شریف کے بیٹوں کو پاسپورٹ تک ایشو نہیں کیے جاتے تھے۔ اسی جبر کے نتیجے میں بڑا بیٹا جدہ اور چھوٹا لندن میں رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف گند اچھالا جا رہا ہے جس وجہ سے یہ باتیں دہرانا پڑتی ہیں۔ پرویز رشید نے اپنی پریس کانفرنس میں سخت جملوں کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے بغل میں کھڑا مجرم ان کے کچن سے جہاز تک کا خرچہ پورا کرتا ہے۔
عمران خان کی دونوں اے ٹی ایم مشینوں نے اعتراف کیا کہ ملک سے پیسے باہر بھیجے۔ عمران خان عوام کو بتائیں کہ اے ٹی ایم مشینیوں نے پیسہ کیوں باہر بھیجا؟۔ آپ کا دامن داغدار ہے۔ آپ کو ٹرمز آف ریفرنس اس لیے منظور نہیں کیونکہ ان میں قرضے معاف کرانے والوں کا ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسی سیاست نہیں کرنا چاہتے تھے۔
آپ نے اپنی تین سالہ سیاست میں ہمیں مجبور کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے چہرے پر ہروقت رونق رہتی ہے، عمران خان اپنے چہرے کی فکر کریں۔ تحریک انصاف کے جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان پانچ ہزار لوگ بھی اکٹھے نہیں کر سکے۔
لاہوریوں نے میٹرو بس اور اورنج ٹرین پر تنقید کا بدلہ لے لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا کنٹینر چوروں کی پناہ گاہ اور تحریک انصاف کی سیاسی جنازگاە ہ بن چکا ہے۔