پرتھ (جیوڈیسک) قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت کی ذمہ داریاں ادا کرنے والے بیٹسمین محمد حفیظ نے کہا ہے کہ وہ مستقل کپتان بننے کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔
پرتھ میں ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اس وقت کپتانی کا سوال غیر متعلقہ ہے، ہمارے کپتان اظہر علی ہیں اور ہم ان کی جلد از جلد ٹیم میں واپسی دیکھنا چاہتے ہیں۔
اظہر علی کی کپتانی میں دن بدن نکھار آ رہا ہے، جس کا مظاہرہ انہوں نے ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں بھرپور انداز میں کیا تھا۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ملیبرن میں آسٹریلیا کیخلاف تاریخی فتح کے بعد ٹیم کا مورال بہت بلند ہے۔
فتح کے بعد کھلاڑیوں کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ ہم بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اندازہ ہے کہ ہمیں ہر شعبے میں بہترین پرفارمنس دینا ہوگی۔
صرف ایک ہی یونٹ کی کارکردگی پر میچ نہیں جیتا جا سکتا لہٰذا بولرز کے ساتھ ساتھ بلے بازوں کو بھی بہتر کارکردگی دکھانا ہو گی۔