کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا میں کپتان کو آدھا نہیں پورا مہاجر سمجھتا ہوں۔ عمران خان اور میں کل تک پاکستانی تھے لیکن آج بھائی بھی بن گئے ہیں۔
اب دونوں بھائی مل گئے ہیں ڈٹ کر بات کریں گے غریب بلوچ اور مہاجروں کو بھی حقوق دلوائیں گے۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ عمران خان جب جناح گراؤنڈ آئیں تو ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جائیں۔
الطاف حیسن نے ریحام خان کو بھی جناح گراؤنڈ آنے کی دعوت دیدی۔انہوں نے کہا اگر مجھے اشارہ مل جائے کہ بھابھی جناح گراؤنڈ یا میرے گھر آ رہی ہیں تو رابطہ کمیٹی سے کہوں گا کہ جیولرز کی دکان سے بھابھی کو میری طرف سے سیٹ گفٹ کریں۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا بھائی چارے ،اخوت اور امن کے لیے اگر بیک فٹ پر جانا پڑے تو 100 دفعہ جائیں گے۔ دونوں اطراف سے تنقید ضرور کی جائے لیکن شائستہ اور تہذیبی انداز میں ہوں۔ اس سے پہلے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے حیدر آباد زونل کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کارکن کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے لڑائی جھگڑے کا خطرہ ہو۔
جھگڑے کو ٹالنے کے لیے خاموش ہو جانے میں شرم محسوس نہ کی جائے۔ ان کا کہنا تھا بدترین مخالف بھی آپ کے گھر آئے تو اس کا خیرمقدم کیا جائے۔ الطاف حسین نے ہدایت کی کہ کوئی گالی بھی دے تو اس سے جھگڑا نہ کریں۔
الیکشن میں ووٹ کے ذریعے مخالفین کی سازشوں کا جواب دیا جائے۔