کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) مزار قائد پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے میں پولیس افسر کو بے عزت اور ہراساں کرنے کے معاملے پر سندھ حکومت نے کمیٹی تشکیل دے دی۔
ذرائع کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف تھانہ بریگیڈ میں ایف آئی آر درج کرنے اورپولیس افسر کو بے عزت اور ہراساں کرنے سے متعلق معاملے پر سندھ حکومت نے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی میں وزیر تعلم سعید غنی، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ سمیت دیگر وزراء شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا اور کمیٹی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کرےگی۔
واضح رہےکہ کراچی میں 19 اکتوبر کو پیش آنے والے واقعے پر سندھ پولیس کے آئی جی سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے احتجاجاً چھٹیوں کی درخواستیں دی تھیں تاہم آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے اور صوبائی حکومت کی جانب سے تحقیقات کی یقین دہانی کے بعد افسران نے چھٹیاں مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔