اسلام آباد (جیوڈیسک) نیب نے کیپٹن صفدر کے خلاف بھی گھیرا تنگ کر دیا، آمدن سے زائد اثاثوں کی جانچ پڑتال ہو گی۔ نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے بھی سفارش کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیپٹن صفدر کیخلاف مانسہرہ میں 300 کنال اراضی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ یہ بھی پتہ چلایا جائے گا کہ 30 کنال کا پلاٹ اور ایک کنال کا گھر کہاں سے آیا؟ کیپٹن صفدر کی ٹاؤن شپ مانسہرہ میں فلور مل کے الزام کی بھی انکوائری کی جائے گی۔
کیپٹن صفدر کو کابینہ ڈویژن کی جانب سے غیر قانونی طور پر 9 ارب روپے جاری کرنے کے معاملے کی جانچ پڑتال ہو گی۔
نیب اجلاس میں امریکا کے لیے نامزد سفیر علی جہانگیر صدیقی اور احمد ہمایوں شیخ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے بھی وزارتِ داخلہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔