لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ عمران خان کے دھرنے اور جلسے اتنے اہم نہیں لیکن ’’گو نوازگو‘‘کا نعرہ وزیراعظم نواز شریف کا پیچھا کررہا ہے اس لئے نوازشریف عوامی اجتماعات سے دور ہی رہیں۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے گزشتہ روز جو الزامات لگائے وہ ان کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتے کیونکہ جنہیں انہوں نے تنقید کا نشانہ بنایا ان ہی کے دور حکومت میں وہ 8 مرتبہ وزیر رہے ہیں۔
خود عمران خان نے انہیں کہا تھا کہ وہ شیخ رشید کو اپنا چپڑاسی بھی نہ رکھیں لیکن آج وہ دونوں ہی ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے موجودہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمجھدار نوجوان ہیں انہوں نے پارٹی کے غلط اقدامات پر اپنے کارکنوں سے معافی مانگ کر ایک دانشمندانہ قدم اٹھایا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دھرنے اوربڑے جلسے اتنے اہم نہیں لیکن ’’گو نوازگو‘‘ کا نعرہ وزیر اعظم نواز شریف کا پیچھا کررہا ہے، اس نعرے سے تبدیلی کا رنگ نظرآرہا ہے۔
اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ نوازشریف فی الحال عوامی اجتماعات میں نہ آئیں اور عوام سے دور رہ کر گزارا کریں۔ اس کے علاوہ انہوں نے پارٹی چھوڑ کر دوسری جماعت میں شامل ہونے سے پہلے اس کے جمہوریت پر یقین اور دہشت گردی کے خلاف موقف کو دیکھنے کا مشورہ دیا ہے جو کہ انتہائی مثبت سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔