کپتان کی پرتشدد سیاست نے ملک و قوم کو روگ اور سوگ کے سوا کچھ نہیں دیا۔رضوان اسلم

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی رضوان اسلم بٹ نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم ہائوس جانے کیلئے جوراستہ منتخب کیا وہ جیل کی کال کوٹھڑی میں جاتا ہے۔کپتان کی پرتشدد سیاست نے ملک و قوم کو روگ اور سوگ کے سواکچھ نہیں دیا۔

کپتان عمران خان نفرت اورنفاق کی سیاست کے علمبردار ہیں۔تشددسے تبدیلی نہیں آتی بلکہ جمہوریت کی عمارت زمین بوس ہونے کاخطرہ پیداہوجاتا ہے۔موصوف آج جوبیج بورہے ہیں کل انہیں اس کی فصل کاٹناپڑے گی۔خداجانے عمران خان اورشیخ رشید پاکستان سے کس بات کاانتقام لے رہے ہیں۔ اقتدارکی ہوس نے عمران خان کودیوانہ بنادیا ،وہ نیاپاکستان بنانے کی آڑ میں قومی وحد ت اورمادروطن کی سا لمیت پرکاری ضرب لگارہے ہیں۔اپنے کارکنوں کوگمراہ کرنااورانہیں اپنے اقتدار کی خاطرایندھن بناناسیاست نہیں خودغرضی اورمفادپرستی کی انتہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں رضوان اسلم بٹ نے مزید کہا کہ عمران خان کسی یوسی کے ناظم بنائے جانے کے اہل نہیں ہیں ،ابھی وہ اقتدارمیں نہیں آئے مگران کاچہرہ بے نقاب ہوگیا ۔کوئی محب وطن سیاستدان پاکستان بندکرنے کاتصوربھی نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اناڑی کپتان غلط ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں ۔پی ٹی آئی کے چیئرمین کاراستہ انہیں وزیراعظم ہائوس نہیں بلکہ کسی جیل کی کال کوٹھڑی میں لے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشیدکومسلم لیگ (ن) میں قبول نہ کئے جانے اوروزرات اطلاعات سے محرومی کا غصہ ہے ورنہ اس وقت عمران خان کیخلاف شیخ رشید کے بیانات سب سے زیادہ سخت ہوتے۔اگرعمران خان نے منتخب حکومت کیخلاف احتجاج کرناہے توپھرانہیں جمہوری ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جو آئین عمران خان کواحتجاج کرنے کی آزادی دیتا ہے اسی کی روسے پرامن ماحول میں زندگی گزارنا عوام کا حق ہے۔