ممبئی (جیوڈیسک) ممبئی کی سیشن عدالت نے کار حادثہ کیس میں بالی وڈ کے دبنگ خان سلمان پر فرد جرم عائد کر دی، سلمان خان نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔ بالی وڈ کے بڑے اسٹارز کے ستارے گردش میں ہیں، پہلے سنجے دت غیر قانونی اسلحہ کیس میں جیل گئے۔ اب بجلیاں گرنے والی ہیں۔
دبنگ خان پرجنہیں غیرارادی قتل کے مقدمے کا سامنا ہے۔ سلمان پر الزام ہے کہ انہوں نے 28 ستمبر 2002 کو ممبئی میں اپنی گاڑی فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر چڑھا دی تھی، حادثے میں ایک شخص ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔ ممبئی سیشن کورٹ نے مقدمے کی سماعت کے بعد آج سلمان خان پر فرد جرم عائد کر دی۔
تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔عدالت نے سماعت کی تاریخ انیس اگست مقرر کرتے ہوئے سلمان خان کو پیشی سے مستثنی قرار دے دیا ہے۔ اب مقدمے کی باقاعدہ سماعت شروع ہوگی۔ اگر جرم ثابت ہوجاتا ہے ، تو سلمان خان کو 10 سال جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔