کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ سے اغواء ہونے والے سینئر ماہر امراض قلب ڈاکٹر عبدالمناف ترین ڈھائی ماہ بعد اوتھل کے علاقے سے بازیاب ہو گئے۔
ڈاکٹر عبدالمناف ترین کو نامعلوم اغوا کار آج صبح چار بجے ضلع لسبیلہ کے علاقے اوتھل کے قریب ایک پٹرول سٹیشن پر چھوڑ کر چلے گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے انہیں تحویل میں لے کر ڈی پی او تھل ہاؤس پہنچایا۔
ڈاکٹر عبدالمناف ترین کے زخمی ہونے کے باعث ان کا طبی معائنہ کرایا گیا اور اب انہیں کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان کے سینئر ماہر امراض قلب ڈاکٹر عبدالمناف ترین کو سترہ ستمبر دوہزار تیرہ کی شام نامعلوم مسلح افراد نے سریاب روڈ پر پشین سٹاپ کے قریب سے اغواء کر لیا۔ان کے ایک عزیز ڈاکٹر داؤد شاہ کی مدعیت میں تھانہ بجلی روڈ پولیس نے مقدمہ درج کیا۔
ان کے اغوا کے خلاف صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز نے او پی ڈیز کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔ اکتوبر میں سیکورٹی فورسز نے ان کی بازیابی کے لئے کئی کارروائیاں بھی کیں اور اس دوران متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا تاہم ڈاکٹر عبدالمناف کو بازیاب نہیں کرایا جا سکا تھا۔
کوئٹہ کے رہائشی ڈاکٹر عبدالمناف ترین بولان میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ہیں اور سول ہسپتال کوئٹہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ایک نجی ہسپتال چلاتے ہیں۔