اسلام آباد (جیوڈیسک) گستاخانہ خاکوں اور موجودہ ملکی صورتحال کے خلاف پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس ہوئی جس میں بتیس کے قریب مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔
پاکستان مسلم لیگ ضیاء، پی ٹی آئی اور دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مسلم اُمہ فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ اور عرب ممالک فرانس کو تیل کی فراہمی بند کریں۔ کانفرنس کے اختتام پر متفقہ طور پر اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ تمام مذاہب کی اعتدال پسند سیاسی اور مذہبی قیادت کو گستاخانہ خاکوں کے خلاف متفقہ موقف اپنانا چاہیے۔ اعلامیہ میں یورپی اور دیگر ممالک سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آزادی اظہار رائے کی حدود قیود متعین کرے۔
پاکستان علماء کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے خطاب کے دوران اس وقت بدمزگی پیدا ہوگئی جب تحریک انصاف کے رہنماء فیاض الحسن نے انہیں خطاب سے روک دیا اور کہا کہ پرویز رشید مسلمانوں کے جذبات کی صحیح طور پر ترجمانی نہیں کر رہے بلکہ مغربی زبان بول کر اپنی وزارت بچا رہے ہیں۔