گوجرانوالہ: گستاخانہ خاکوں کے خلاف آج عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کے زیر اہتمام شہر کا مرکزی جلوس ماڈل ٹاؤن سے نکالا جائے جس میں شہر بھرسے تعلق رکھنے والے جیدعلمائے کرام اور جملہ تنظیمات بھی شرکت کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق فرانس کے جریدے میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے خلاف عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کے زیرا ہتمام آج بعد نماز جمعہ شہر کا مرکزی احتجاجی جلوس نکالا جائے گا ،جس میں شہر بھر سے تعلق رکھنے والے علماء ، وکلاء، اساتذہ، ڈاکٹرز ، تاجر اور سول سوسائٹی سمیت تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شرکت کرے گی ،یہ جلوس درگاہ حضرت ابو البیان ماڈل ٹاؤن سے برآمد ہوگا جو جی ٹی روڈ سے ہوتا ہوا سیالکوٹی دروازہ پہنچے گا جہاں جید علما ء کرام تمام شرکاء سے خطاب کریں گے۔
اس احتجاجی جلوس میں شہر گوجرانوالہ کی جملہ تنظیمات بھی بھر پور شرکت کریں گے ، اس سلسلہ میں انتظامی امور کی جائزہ کمیٹی کا اجلاس آج درگاہ حضرت ابو البیان ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا جس کی قیادت صاحبزادہ محمد رفیق احمد مجددی نے کی ، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ محسن انسانیت کی شان میں گستاخی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہے ،ان کا کہنا تھا کہ محبت رسول ہمارے ایمان کا حصہ ہے اوراپنے رسول ؐ کی شام میں گستاخی ہم کسی صورت بھی برداشت نہیں کر سکتے۔