گستاخانہ خاکوں کیخلاف ملک بھر میں شدید احتجاج، ریلیاں نکالی گئیں

Protests

Protests

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں پنجاب میڈیکل کے طلبا و طالبات کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ طلبہ نے حرمت رسول کے حق میں نعرے لگائے۔

گستاخانہ خاکوں کے خلاف ریلی کا آغاز پنجاب میڈیکل کالج سے ہوا ، ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حرمت رسول کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکا نے نعرہ تکبر اور گستاخ رسول کی سزا سر تن سے جدہ کے فلک شگاف نعرے لگائے ، ریلی الائیڈ ہسپتال کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ فرانس کے ہفت روزہ جریدے میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے خلاف کوئٹہ میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف ڈیرہ اللہ یار میں جمعیت علماء پاکستان کی جانب سے احتجاجی ریلی نکال کر قومی شاہراہ کو بلاک کرکے احتجاج کیا۔

احتجاجی ریلی جے یو پی کے صدر محسن شاہ بخاری کی قیادت میں بخاری ہائوس سے برآمد ہوئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی مرکزی چوک پر جلسہ کی صورت اختیار کر گئی جس میں مقررین نے گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی دنیا فرانس کا بائیکاٹ کرے۔

انہوں نے کہا کہ آئے روز مسلمانوں کے جذبات کو للکارا جا رہا ہے مگر اسلامی دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے مگر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ذمہ داروں کے خلاف قرار واقعی سزاء تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

گستاخانہ خاکہ شائع کرنے کے خلاف ٹنڈو آدم میں مکمل شٹر بند ہڑتال ، مختلف مذہبی جماعتوں ، سکولوں کے شاگردوں اور اساتذہ کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ و دھرنا۔ تفصیل کے مطابق حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخانہ خا کوں کی اشاعت کے خلاف مذہبی جماعتوں اور انجمن تاجران کی جانب سے ہڑتال کی کال پر ٹنڈو آدم میں مکمل شٹر بند ہڑتال رہی۔

گستاخ خاکہ شائع کرنے کے خلاف جے یو آئی کے کارکنوں کی جانب سے کندہ کوٹ میں احتجاجی مظاہرہ کر کے دھرنا لگایا گیا ، گستاخانہ خاکے شائع کرنے کے خلاف جے یو آئی (ف) کے کارکنوں مولوی شمس الدین بھیری ، حافظ عبدالقادر سیال ، مولوی محمد یعقوب کھوسو اور دیگر کی رہنمائی میں کندہ کوٹ پریس کلب سے ٹاور چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں شریک کارکنوں کے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ تھے جس پر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی مذمت درج تھی۔ جیکب آباد میں بھی جے یو آئی کے کارکنانوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے فرانسی صدر کا پتلا نظر آتش کیا اور فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

جمعیت علماءاسلام (ف) کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف ایک احتجاجی ریلی مولانا فدا احمد ڈول ، ڈاکٹر ای جی انصاری ، حافظ میر محمد بنگلانی و دیگر کی قیادت میں مدرسہ قاسم العلوم سے نکالی گئی۔ ریلی میں جمعیت کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے شہر بھر کے مختلف روڈ راستوں اور بازاروں میں مارچ کیا۔