مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) گستاخانہ خاکوں کی بار بار اشاعت پوری مسلم اُمہ کی غیرت ایمانی پر حملہ ہے دنیا بھر کے مسلمان ہر بات کو برداشت کر سکتے ہیں لیکن حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ بابرکت پر گستاخانہ خاکوں کے ذریعہ ایسے ناپاک حملوں کو ہرگز برداشت نہیں کر سکتے اب وقت آ گیا ہے کہ پوری دنیا کے مسلمان ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہو کر یہودو نصاریٰ کے اِن ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے اُٹھ کھڑے ہوں اور دنیا بھر میں فرانس کا اقتصادی بائیکاٹ کرکے اسکی مصنوعات کی خریداری بھی بند کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار خطیب جامعہ مسجد عائشہ مصطفی آباد قاری انعام اللہ نوری نے محمد شہزاد قادری کے رہائش گاہ پر منعقدہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان سچے عاشق رسول ہونے کا ثبوت دیں اور پانچ وقت کی نماز اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کی روشنی میں زندگی بسر کریں یہ میلاد مصطفی منانے کا اصل مقصد ہے، اس موقع پرمحمد شہزاد قادری،خالد محمود عطاری،قاری محمد ظہیر عطاری،میاں محمد شریف،قاری فیض احمد کریمی، محمد افضل ، محمد عمرو دیگر نعت خواں حضرات نے بھی اپنا اپنا کلام پیش کیا۔