کاروں، چھوٹی گاڑیوں کی فروخت میں گزشتہ ماہ 76 فیصد اضافہ

Cars

Cars

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں تیار کی جانے والی کاروں، چھوٹی کمرشل گاڑیوں، ویگنوں اور جیپوں کی فروخت میں اگست کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 76 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان آٹوموٹیومینو فیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) سے جاری رپورٹ کے مطابق جولائی 2014 میں 6 ہزار 948 گاڑیاں فروخت کی گئی تھیں جبکہ گزشتہ ماہ ملک میں تیار ہونے والی گاڑیوں کی فروخت 12ہزار 258 یونٹس تک بڑھ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے ماہ اگست کے مقابلے میں گزشتہ ماہ گاڑیوں کی فروخت 10 فیصد بڑھی، اگست 2013 میں 11 ہزار 96 گاڑیاں فروخت کی گئی تھیں۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں تیار کی جانے والی گاڑیوں کی فروخت میں ہونے والے اضافے سے آٹوموبائل کی مقامی صنعت اور ملکی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔