راولپنڈی (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے اوگرا کرپشن کیس میں نامزد 11 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف سمیت 6 ملزمان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔ اوگرا کرپشن کیس کی سماعت راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی،سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر راجہ خرم اعجاز نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کے خلاف ثبوت پیش اور گواہیاں مکمل ہوچکی ہیں اور تمام قانونی تقاضے پورے کردیئے گئے ہیں اس لئے تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے،جس پر عدالت نے 12 ملزمان میں سے 11 پر فرد جرم عائد کی گئی، جن افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ان میں سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق، عقیل کریم ڈھیڈی، منصورمظفر، عبدالرشید لون، ارسلان اقبال، یوسف جے، میرکمال، فرید بجرانی، جواد جمیل، ضیا، سکندر حیات میکن اور ظہیر صادق شامل ہیں جبکہ مرزا محمود کا نام ریفرنس سے خارج کر دیا گیا۔
عدالت نے کیس کی سماعت 4 جون تک ملتوی کرتے سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف سمیت دیگر 6 ملزمان کو طلب کرلیا جن پر آئندہ سماعت میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔