لاپتہ شہری کیس، حکم عدولی پر سیکرٹری دفاع کی تنخواہ روک لی جائے: سندھ ہائیکورٹ

Sindh High Court

Sindh High Court

کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے سیکرٹری دفاع آصف یا سین کی تنخواہ روکنے کا حکم دے دیا۔ دو رکنی بنچ نے یہ حکم گلشن اقبال سے لاپتہ شہری محمد سجاد کے اہل خانہ کی درخواست پر دیا۔ محمد سجاد کے اہل خانہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھاکہ محمد سجاد کو گلشن اقبال کے علاقے سے 26 دسمبر 2012 کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کیا تھا۔

سماعت کے دوران قاری عبدالشکور نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرایا۔ حلف نامے میں قاری عبدالشکور نے انکشاف کیا کہ محمد سجاد اور مجھے گلشن اقبال سے حساس ادارے نے گرفتار کیا اور بہاولپور کے علاقے ترنڈہ محمد پناہ میں لے گئے۔ بعد میں مجھے چھوڑ دیا اور محمد سجاد کا تاحال کچھ پتا نہیں چل سکا۔ عدالت نے گذشتہ سماعت پر متعلقہ کور کمانڈر اور سیکرٹری دفاع سے جواب طلب کیا تھا۔

عدالتی حکم کے عدم تعمیل پر سندھ ہائی کورٹ نے اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان کو حکم دیا ہے کہ سیکرٹری دفاع کی تنخواہ فوری طور پر روک دی جائے جبکہ شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 12 جون تک جواب طلب کر لیا۔