ہر مقدمے کا سامنا کروں گا: پرویز مشرف

 Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

راولپنڈی (جیوڈیسک) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ سول کورٹ ہو یا کوئی اور عدالت، اپنے خلاف ہر مقدمے کا سامنا کروں گا۔ کہتے ہیں آئندہ بھی ہر پیشی پر عدالت جاؤں گا۔

ذرائع کے مطابق خصوصی عدالت سے واپسی پر پرویز مشرف کو دوبارہ اے ایف آئی سی میں داخل کر لیا گیا۔ سابق صدر کی اسپتال واپسی پر ای سی جی اور بلڈ پریشر چیک کیا گیا۔ اے ایف آئی سی کے ڈاکٹروں نے سابق صدر کی صحت تسلی بخش قرار دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پرویز مشرف نے ڈاکٹروں سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے جانے کی اجازت نہیں دے رہے تھے میں عدالت سے بخیر و عافیت واپس اسپتال پہنچ گیا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ سول کورٹ ہو یا کوئی اور عدالت اپنے خلاف ہر مقدمے کا سامنا کروں گا۔ پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی ہر پیشی پر عدالت جاؤں گا۔

واضح رہے جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بنچ نے غداری کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کے عدالتی اختیار کے حوالے سے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو جمعہ کو سنایا جائے گا۔