گلو بٹ نظر بندی کیس، ہوم سیکرٹری سے مقدمات کا ریکارڈ طلب

Gullu Butt

Gullu Butt

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے گلو بٹ نظر بندی کیس میں ہوم سیکرٹری سے مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکو رٹ کے جسٹس محمد قاسم خان نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل کاشف عباس نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے گلو بٹ کی درخواست ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

اس کے باوجود اسے نظر بند رکھا گیا ہے۔ گلو بٹ پر صرف گاڑیاں توڑنے کا الزام ہے جو کہ دہشت گردی کے زمرے میں نہیں آتا، درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت نظر بندی کے احکامات منسوخ کرکے رہائی کا حکم جاری کرے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گلو بٹ کی نظر بندی ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے جبکہ وہ دو مقدمات میں ملوث ہے۔

عدالت نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کے وکیل سے استفسار کیا کہ بتائیں کہ وزیراعظم سمیت اکیس افراد کے مقدمہ میں کیا گلو بٹ کی گرفتاری ڈالی گئی ہے جس پر انہوں نے کہا کہ اس بارے میں معلومات حاصل کرکے عدالت کو آگاہ کرسکتا ہوں۔عدالت نے ہوم ڈیپارٹمنٹ سے گلو بٹ پر قائم تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت چھبیس ستمبر تک ملتوی کر دی۔