اسلام آباد (جیوڈیسک) بڑا دن بڑی تیاریاں، وزیر عظم نواز شریف آج پانامہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔ غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہو گی۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ رات گئے پولیس افسران نے جوڈیشل اکیڈمی کا دورہ کیا۔ ایس ایس پی ساجد کیانی کی سربراہی میں وفد نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم کی پیشی کے موقع پر 2500 سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔ جوڈیشل اکیڈمی میں عام افراد کا داخلہ بند ہو گا جبکہ اطراف کی عمارتوں پر بھی سیکورٹی اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔
پولیس نے ایچ ایٹ پارک کی چار دیواری پر خاردار تاریں لگا کر تمام داخلی راستے بند کر دیئے ہیں جبکہ جنگلے لگا کر جوڈیشل اکیڈمی کی دیوار بھی اونچی کر دی گئی ہے۔ لیگی کارکنوں نے جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف میں وزیراعظم کی حمایت میں مزید بینرز بھی لگا دیئے ہیں۔