انقرہ (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ انہوں نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ترک صدر نے صحافی جمال خاشقجی کی استنبول میں گم شدگی کے بعد جاری تحقیقات میں سعودی عرب کے تعاون کو سراہا ہے۔
بدھ کو انقرہ کے دورے کے دوران ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں مائیک پومپیو نے کہا کہ خاشقجی کیس کے حوالے سے کوئی بھی قدم اٹھانے سے قبل ہمیں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کا احساس ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ بدھ کو امریکی وزیرخارجہ نے ترک صدر طیب ایردوآن سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں 2 اکتوبر سے لاپتا صحافی جمال خاشقجی کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول میں قائم قونصل خانےگئے تھے جس کے بعد انہیں نہیں دیکھا گیا۔ ترک حکام کا دعویٰ ہے کہ خاشقجی کو قونصل خانے کے اندر قتل کر دیا گیا تاہم سعودی عرب خاشقجی کے حوالے سے لا علمی کا اظہار کرتا ہے اور قتل کے الزام کی سختی سے تردید کرتا ہے۔
گذشتہ روز امریکی وزیر خارجہ کی صدر ایردوآن سے ملاقات کے موقع پر ترک وزیر خارجہ جاویش اوگلو، انٹیلی جنس چیف ھاکان فیدان اور ایوان صدر کے ترجمان ابراہیم قالن بھی موجود تھے۔