مقدمہ رکوانے کیلئے مشرف کی اقوام متحدہ سے مداخلت کی اپیل

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکلا نے سابق صدر کیخلاف غداری کا مقدمہ رکوانے کے لیے اقوام متحدہ سے مداخلت کی درخواست کر دی۔

لندن میں سابق صدر پرویز مشرف کے وکلا کی جانب سے میڈیا کو جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرف غداری کیس میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نواز حکومت کو مقدمہ چلانے سے روکے یااسے ملتوی کرائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کسی خصوصی نمائندے کو پاکستان بھیجے جو سابق صدر کے خلاف کیس سے متعلق ججز کی آزادی کے حوالے سے شکایات کی تحقیقات کرے جیسا کہ سری لنکا اور عراق میں ہائی پروفائل کیسز میں کیا گیا جن میں سزائے موت دی جا سکتی ہے۔

ان کے موکل کو شو ٹرائل کا سامنا ہے اس لیے اقوام متحدہ مداخلت کر کے غداری کے مقدمے سے بچانے میں مدد دے۔ پریس کانفرنس کے دوران مشرف کی قانونی ٹیم نے امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب سمیت عالمی برادری سے سابق آمر کی مدد کے لیے درخواست کی ہے۔ مشرف غداری کیس کی اگلی سماعت 24 دسمبر کو ہو گی۔