لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر آسٹریلیا کے جوئے خانے میں پائے گئے، پی سی بی نے وضاحت طلب کر لی، معین خان کہتے ہیں بورڈ نے کھلاڑیوں پر نظر رکھنے کو کہا۔
آسٹریلیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف بدترین شکست ہوئی۔ حریف ٹیموں کی مینجمنٹ مقابلوں کی منصوبہ بندی میں مصروف رہے جبکہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر آسٹریلیا کے جوئے خانے میں پائے گئے جس پر پی سی بی نے چیف سلیکٹر معین خان سے وضاحت طلب کی۔
معین خان کا کہنا ہے کہ انہیں بورڈ نے کھلاڑیوں پر نظر رکھنے کو کہا ہے۔ معین خان کے جواب نے عوام کے ذہنوں میں بے شمار سوالات کھڑے کر دئیے۔
معین خان کے جواب سے تو کچھ ایسا لگتا ہے جیسے کھلاڑی بھی جوئے خانے جاتے ہیں اگر اس بات میں حقیقت ہے تو پھر یہ قوم اور پی سی بی کے لیے لمحہ فکریہ ہے لیکن کہیں ایسا تو نہیں معین خان نے گردن بچانے کے لیے اپنی بلا کھلاڑیوں کے گلے ڈالنے کی کوشش کی ہے اگر ایسا ہے تو چیف سلیکٹر سے اس بات کا جواب کون مانگے گا؟