لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے موجودہ جعلی حکمرانوں کو مسترد کر دیا ہے، تحریک انصاف کا کراچی میں تاریخی جلسہ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ہے، کراچی میں عو ام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، نواز شریف کو جانے سے اب علی بابا چالیس چور کا ٹولہ بھی نہیں بچا سکتا۔
ادھر تحریک انصاف ضلع لاہو رکے صدر عبدالعلیم خان اورنائب صدر انجینئر یاسر گیلانی نے کہا کہ عمران خان کا موقف انتہائی واضح ہے اب حکمرانوں کو ہر قیمت پر جانا ہوگا۔ دریں اثناتحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین سعدیہ سہیل رانانے کہا کہ تحریک انصاف اپنے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ’’ گو نواز گو ‘‘ آج ہر دل کی آواز ہے اور یہ نعرہ لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی زبان پر بھی آ چکا ہے۔