واشنگٹن (جیوڈیسک) کاتالونیا کے پارلیمان نے جمعے کے روز اسپین سے آزادی کے حق میں ووٹ دیا، جس قرارداد کے منظور ہونے سے آزاد جمہوریہ کے قیام کے لیے آئینی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جا سکتا ہے۔
اس تحریک کی منظوری دیتے ہوئے ایوان میں موجود قانون سازوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور گلے ملے، جنھوں نے مل کر کاتالونیا کا قومی ترانہ گایا۔
اسپین سے علیحدگی کی قرارداد کا مسودہ انتہائی قدامت پسند دھڑوں کی جانب سے پیش کیا گیا، جن کا تعلق اُس علاقائی اتحاد سے ہے جس کی سربراہی کاتالونیا کے صدر چارلس مجمونت کر رہے ہیں۔ قرارداد کے حق میں 72ووٹ پڑے، اس کی مخالفت میں 10 جب کہ دو نمائندوں نے موافقف یا مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔
اسپین کی حکمراں وسطی دائیں بازو والی معروف جماعت اور قومی دھارے کے اہم سوشلسٹوں نے، جن کے کاتالونیا کے پارلیمان میں نصف سے کچھ کم نشستیں ہیں، اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔
کاتالونیا کے علاقائی پارلیمان کی جانب سے جمعے کے روز منظور ہونے والی قرارداد کے بعد اب کاتالونیا کی آزادی کے معاملے پر غیر یقینی صورت حال ختم ہو گئی ہے، جو آزادی کے بارے میں یکم اکتوبر کو ہونے والے ریفرنڈم کے بعد پیدا ہوئی تھی، جس میں 90 فی صد افراد نے آزادی کے حق میں ووٹ دیا، جس میں ووٹر ٹرن آؤٹ 50 فی صد رہا۔