کراچی (جیوڈیسک) سیکریٹری محکمہ داخلہ نے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کراچی کو ہدایت کی ہے کہ وہ عام لوگوں خصوصاً قربانی کے جانوروں کے تاجروں کی شکایات کے ازالے کے لیے شکایتی مرکز فوری طور پر قائم کریں کیونکہ لوگ بھتے اور پولیس کی طرف سے رشوت طلب کرنے کی شکایات کر رہے ہیں۔
سیکریٹری محکمہ داخلہ نے سپر ہائی وے کراچی اور ارد گرد کے علاقوں میں قائم مویشی منڈی کے لیے ضروری سیکیورٹی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے،انھوں نے مویشی منڈی سپرہائی وے میں بھتے اور سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا۔
کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ عام لوگوں اور مویشی تاجروں کو پولیس کی جانب سے ہراساں نہیں کیا جا رہا اور جرائم پیشہ افراد کو ترجیحی بنیادوں پر گرفتار کیا جائے۔
سیکریٹری محکمہ داخلہ نے پولیس افسروں کو یہ بھی ہدایت کی کہ عام لوگوں اور مویشی تاجروں کو موثر سیکیورٹی اور تمام ممکنہ سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ ان پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو بھتہ خوری اور رشوت میں ملوث ہیں۔
علاوہ ازیں آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ سپرہائی وے پر قائم مویشی منڈی سمیت صوبے میں باقاعدہ اجازت کے تحت قائم مویشی منڈیوں کی سیکیورٹی کے لیے غیر معمولی اقدامات پرمشتمل ہنگامہ پلان تیار کیا جائے اور سیکیورٹی کے مجموعی لائحہ عمل و حکمت عملی میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدہ رابطوں کے ساتھ ساتھ امن و امان کی تمام ترصورتحال کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔
موثر سیکیورٹی اور ٹریفک اقدامات کے ضمن میں صرف مخصوص مقامات پر ہی مویشی منڈیوں کے قیام کی اجازت دی جائے اور اس ضمن میں زونل ڈسٹرکٹ کی سطح پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
سپر ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی جانے والے تمام مرکزی راستوں سمیت اطراف کے علاقوں کا تھانوں کے لحاظ سروے اور جرائم کی مختلف وارداتوں سے متاثرہ علاقوں میں باقاعدہ سرویلنس اور نشاندہی کے تحت چھاپہ مار کارروائیوں کو موثراور مربوط بنایا جائے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ جانوروں کے بیوپاریوں اور خریداروں کی سیکیورٹی کیلیے عارضی پولیس پکٹس کے قیام کے علاوہ مویشی منڈی کیلیے مختص کار اور موٹر سائیکل پارکنگ پر بھی سیکیورٹی اور ٹریفک کے جملہ اقدامات کے علاوہ سراغ رسانی، ریکی اور خفیہ اطلاعات کے تبادلے سمیت بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ذمے داریوں کو بھی ہنگامہ پلان کا حصہ بنایا جائے۔
مویشی منڈی ہنگامی پلان کے تحت شہر میں پٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ، زونل و ضلعی سطح پر وائرلیس کنٹرول رومز کا قیام اور مددگار 15 کے مراکز سمیت متعلقہ تھانوں سے مسلسل رابطوں کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔