کراچی (جیوڈیسک) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے شہر کے مختلف مقامات پر قائم حکومت سے منظور شدہ مویشی منڈیوں میں منتظمین کی جانب سے جانوروں کی مقررہ فیس سے زائد کی وصولیابی کا نوٹس لیتے ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر زاور تمام سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو ہدایت کی ہے کہ مویشی منڈیوں کے منتظمین کے خلاف ایکشن لیا جائے اور فوری طور پر جانوروں کی زائد فیس کی وصولیابی کو بند کروایا جائے اور مقررہ سرکاری فیس کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈپٹی کمشنر زاور ایس ایس پیز کو اس حوالے سے لکھے گئے خط میں کیا، کمشنر نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ حکومت کی اجازت سے اور نوٹیفائیڈ مویشی منڈیوں ، ملیر پندرہ آسو گوٹھ ، مویشی منڈی لانڈھی ، چاول گودام اور لانڈھی نزد بابر مارکیٹ ، ہمدرد یونیورسٹی منگھوپیر اور مواچھ گوٹھ بلدیہ ٹاؤن کے علاوہ شہر میں جتنی بھی غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم ہیں ان کا خاتمہ کیا جائے۔
انھوں نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل ڈاکٹر سیف الرحمان کو ہدایت کی کہ کیفے پیالہ کے نزدیک قائم غیر قانونی مویشی منڈی کا چوبیس گھنٹے میں خاتمہ کیا جائے، کمشنر کراچی نے کراچی ڈویژن کے تمام انتظامی افسران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں جس مقام پر غیر قانونی مویشی منڈی قائم کی جائیگی متعلقہ انتظامی افسر کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔