لاہور (جیوڈیسک) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے عید الاضحی کے پیش نظر ملک کے دور دراز علاقوں خصوصاً بلوچستان سے قربانی کے جانوروں کی بڑے پیمانے پر نقل و حمل کے پیش نظر کانگو وائرس کی روک تھا م کیلئے ہدایت کی ہے کہ محکمہ صحت اور محکمہ لائیو سٹاک مربوط کوششوں کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر کام کریں۔
انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کو ہدایت کی کہ لاہور سمیت صوبے کے تمام بڑے شہروں میں مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر آنے والے جانوروں پر سپرے یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے یہ بات اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر احمدعفیفی نے بتایا کہ کانگو بخار عموما بھیڑوں ،چھتروں اور گائیوں کی جلد پر موجود چچڑوں کے کاٹنے یا انفیکشن زدہ جانور کے خون اور دیگرآلائشوں کے لگنے سے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق کانگو وائرس سے شرح اموات بھی 50 سے 70 فیصد تک ہو سکتی ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے ہدایت کی کہ WHO کے تعاون سے فوری طور پر لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ڈاکٹرز، نرسز کیلئے کانگو وائرس کی کیس مینجمنٹ تربیت کا بندوبست کیا جائے۔