اسلام آباد (جیوڈیسک) آئی جی اسلام آباد پولیس طاہر عالم کا کہنا تھا کہ چیمبر کے صدر شعبان خالد پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ تشدد میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نجی ٹی وی کا اینکر ان کے پاس آئے تو کیمرہ مینوں پر تشدد کا مقدمہ درج کر دیں گے۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ پولیس نے ابھی تک کسی بے گناہ کو گرفتار نہیں کیا۔ اگر کسی بے گناہ کی گرفتاری ثابت ہو جائے تو وہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، وہ اصلی خان اور قانون کے محافظ ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ پولیس بہت مشکل حالات میں کام کر رہی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے عمران خان کے مظاہرین پر تشدد اور غیر قانونی گرفتاریوں کے الزام کو مسترد کیا ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی غیر قانونی کام نہیں کر رہے اور نہ ہی کسی پر تشدد کر رہے ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کار سرکار کی انجام دہی کرنے والے افسروں کو دھمکیاں دینا بھی جرم ہے۔