“احتیاط علاج سے بہتر ہے “کے عنوان سے شاہ فیصل زون کے تحت مہم برائے آگاہی انسداد ڈینگی کا آغاز

کراچی : شاہ فیصل کالونی میںشہر میں پھیلتے ہوئے مرض ڈینگی کے سدباب اور اس سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے شاہ فیصل زون کے تحت “احتیاط علاج سے بہتر ہے”کے عنوان سے مہم برائے آگاہی انسداد ڈینگی کا آغاز کردیا گیا ۔اس حوالے سے شاہ فیصل زون کے تحت گزشتہ روز ڈینگی کے خاتمے ،مرض سے بچائو اور اس کے علامات سے عوام کو آگاہی کے لئے شمع شاپنگ سینٹر چوک پر کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام کو ڈینگی مرض سے بچائو اور احتیاط کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔

اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی کے ہمراہ شاہراہوں اور تجارتی مراکز میں ڈینگی سے بچائو اور احتیاطی تدابیر سے متعلق پمفلٹ تقسیم کئے اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ شرقی طارق مغل ،ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ شرقی اقبال احمد خان ،ایگزیگٹیو انجینئر گلشن اقبال زون ظفر بلوچ، ایگزیگٹیوں انجینئر شاہ فیصل زون اسلم پرویز اور شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے تمام محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

شاہ فیصل زون کے تحت مہم برائے آگاہی انسداد ڈینگی کے آغاز کے موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شہر میں ڈینگی مرض کے پھیلتے ہوئے وباء پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ڈینگی کے مستقل سدباب کے لئے سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ عوام کو بھی اداروں کا ساتھ دینا ہوگا انہوں نے کہاکہ ڈینگی سمیت تمام مہلک امراض کو احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوکر شکست دی جاسکتی ہے لہذا متعلقہ محکموں کو چاہیئے کے وہ امراض سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے
ذریعے عوامی شعور کو بیدار کریں۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے احتیاط علاج سے بہتر ہے کے عنوان سے مہم برائے انسداد ڈینگی کے انعقاد پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ عوامی شعور کو بیدار کرنے کے لئے احتیاطی تدابیر اور اس کے علامات پر مشتمل پمفلٹ کی تقسیم کے ساتھ اسکولوں اور کالجوں میں سیمینار، مباحثہ اور گلیوں و محلوں کی سطح پر تشہیری مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو ڈینگی سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرکے انسانی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی نے کہاکہ بلدیہ شرقی کی جانب سے انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری مہم کے دوران جہاں ندی، نالوں،گلیوں اور محلوں کے سطح پرمکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے مہم جاری ہے وہیں انسداد ڈینگی کے سدباب اور عوامی زندگی کو محفوظ بنا نے کے لئے شاہ فیصل زون کی تقلید کرتے ہوئے ضلع شرقی کے تمام زونز میں “احتیاط علاج سے بہتر ہے”کے عنوان سے مہم برائے انسداد ڈینگی مہم چلا نے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہاکہ مہم کے دوران اسکولوں ،کالجوں اور گلیوں و محلوں کی سطح پر تقریبات ،سیمینار ،مباحثے کا انعقاد کیا جائے گا اور ڈینگی سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اور اس کی علامات پر مشتمل پمفلٹ کے ذریعے عوام کو آگاہی فراہم کی جائے گی میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی نے بلدیہ شرقی کے تمام زونز کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر صاف ستھرے ،سرسبز و صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنائیں۔