اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ختم ہوگیا، مردم شماری کرانے کا معاملہ ایک بار پھر موخر کر دیا گیا۔
وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور فلڈ کمیشن کے حکام شریک ہوئے ۔ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں دو نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مردم شماری کرانے کے معاملے پر اتفاق نہ ہوسکا اور یہ معاملہ ایک بار پھر موخر کر دیا گیا۔ سیکرٹری شماریات کا کہنا تھا کہ مردم شماری پر فوج اور صوبوں سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
مردم شماری کیلئے تین لاکھ فوجی جوانوں کی ضرورت ہے جبکہ فوج دہشتگردوں کیخلاف ضرب عضب میں مصروف ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مرحلہ وار مردم شماری کرانے پر بھی غور کیا گیا۔