سی سی پی او لاہور نے شہر کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کردی

Chaudhry Shafiq

Chaudhry Shafiq

لاہور (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں آپریشن کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور میں سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تھانوں اور اہم دفاتر میں غیر سرکاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق کی زیر صدارت سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شمالی وزیرستان آپریشن کے بعد پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

سی سی پی او لاہور نے افسران کو ہدایت دیں کہ شہر میں ناکوں اور گشت کے دوران اسنائپر تعینات کیے جائیں کیونکہ دہشت گرد ناکوں اور تھانوں پر بھی حملے کرسکتے ہیں جبکہ شہر کے داخلی راستوں پر تعینات اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس بھی فراہم کی جائیں۔

اجلاس میں تھانوں اور اہم دفاتر میں غیر سرکاری گاڑیوں کے داخلے پرپابندی لگادی گئی جبکہ پولیس لائنز کو جانے والی سڑکوں پر بھی ناکہ بندی کی ہدایت دی گئی ہیں۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اہم شخصیات کو اغوا کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں جس کیلئے ایس ایچ اوز اہم شخصیات اور مقامات کی سکیورٹی بڑھائیں۔