قصور (بیورو رپورٹ) ڈی پی او سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی کوعقیدت واحترام کیساتھ منائیں گے ، گلی گلی اپنے آقا ء کریم کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی ،ملکی صورتحال کے پیش نظرہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحاد ، اتفاق اور باہمی یگانگہت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر امن و امان کا قیام اور مسلمانوں کی خوشیوں میں اضافہ ضلعی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،وہ پریس کلب میں ڈاکٹرسلیم الرحمن صدر کی زیرصدارت یونین آف جرنلسٹ کے زیراہتمام منعقدہ تیسری سالانہ “رحمت الالعالمین امن کانفرنس “سے خطاب کررہے تھے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سیدموسی رضا،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈاکٹر جاویداقبال ،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر چوہدری عبدالواحد ،صدر الیکٹرونک میڈیا (ایمرا) محمداجمل شاد، صدر یونین آف جرنلسٹس عطاء محمدقصوری ، گروپ لیڈر حاجی محمدشریف،نائب صدر عمران زیب ،صدر خواتین ونگ مسلم لیگ ن میڈم صفیہ سعید ، محمدبلال انجم پرنسپل پنجاب سکالرزسکول سمیت دیگر شہری ،معززین شہر اورصحافیوں کی کثیرتعداد شریک تھی۔
نعت رسول مقبول حاجی عمران شہزاد انصاری نے پڑھی جبکہ نقابت کے فرائض جنرل سیکرٹری پریس کلب ڈاکٹرتکریم علی نے ادا کئے ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سیدموسی رضاء نے کہا کہ اس مقدس دن کی مناسبت سے بھرپور تقریبات منعقد کی جائیگی اور تمام سرکاری عمارتوں کو خوبصورت قمقموں سے سجایا جائیگا، عید میلاد النبی ۖکے موقع پر منعقد ہ محافل اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی اور لائٹس کا بہترین انتظام کیا جائیگا اسی طرح سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے تمام محافل اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جائیگی تا کہ شرپسند عناصر اس مذہبی تہوار کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔
معروف مذہبی سکالر پروفیسر مفتی فیاض احمدانصاری نے کہا کہ ربیع الا اول کا مہینہ وہ مقدس مہینہ ہے جس میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ۖ دنیا میں تشریف لائے ۔ آپ ۖ تمام جہانوں کیلئے رحمت العالمین ہیں اور آپ ۖ کا پیغام پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے ۔ اس لئے ہم سب کا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم آپ ۖ کی ولادت باسعادت کے مقدس دن کو نہایت جوش و خروش اور جذبے کیساتھ منائیں۔
آخر میں نئے آنیوالے صحافی بھائیوں سعیداحمدبھٹی (روزنامہ سماء )وسیم اخترچوہدی (چینل دن نیوز) ماجدشاہ (چینل 7نیوز)ندیم اخترچوہدری (روزنامہ دن ) کو پھولوں کے ہار پہنا کر ویکم کیا گیا ،ڈی پی او قصور نے انہیں مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کااظہار کیا ،صدرپریس کلب ڈاکٹرسلیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے پریس کلب کے دروازے ورکنگ صحافیوں کیلئے کھول دئیے ہیں۔
پالیسی کے مطابق ممبرشپ کے خواہشمند اپنی درخواستیں جمع کروائیں تاکہ انہیں الیکشن سے قبل ممبرشپ دی جاسکے۔