گجرات: جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ ولہ وسلم کے سلسلہ میں گجرات کا سب سے بڑا جلوس میلاد النبی رسول صلی اللہ علیہ ولہ وسلم نیک آباد (مراڑیاں شریف) سے پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری مرکزی امیر عالمی تنظیم اہلسنت وسجادہ نشین نیک آباد کی زیرقیادت نکالا گیا۔ جس میں علماء مشائخ سماجی وسیاسی شخصیات صحافی برادری سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں غلامان رسول نے شرکت کی۔ جلوس بائی پاس روڈ، شاہین چوک، سرگودھا روڈ، جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے جی ٹی ایس چوک میں اختتام پذیر ہوا۔
جگہ جگہ جلوس میلاد النبیر سول صلی اللہ علیہ ولہ وسلم کا زبردست استقبال کیا گیا اور پھول پتیاں نچھاور کی گئی۔ جبکہ شرکاء کیلئے مٹھائیوں اور کھانوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر ورسالت سے گونجتی رہی۔ حضرت پیر محمد افضل قادری نے چوک جی ٹی ایس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رب العالمین نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ ولہ وسلم کو تمام جہانوں کیلئے رحمت اور ہادی کائنات بناکر مبعوث فرمایا ہے، آپ صلی اللہ علیہ ولہ وسلم کی اتباع میں ہی دنیا و آخرت کی بھلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ۖ اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہیں اس لئے آپ کے یوم ولادت پر تشکر اور خوشی کا اظہار ہر صاحب ایمان پر لازم ہے۔
پیر صاحب نے مزید کہا کہ پاکستان میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ ولہ وسلم نافذ کیا جائے۔ انہوں نے اسلامیانِ پاکستان پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کی مکمل بیخ کنی کیلئے پاک فوج کا ساتھ دیں اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے فیصلہ کن اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پر حکومت اور تمام اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہر جگہ سے فحاشی ،بے حیائی وبے راہروی ختم کرکے اپنے دینی فریضہ سے عہدہ بر آہوں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ سب سے زیادہ علم پر توجہ دیں۔ اس موقع پر علماء نے کہا کہ رحمة للعالمین کی آمد سے دنیا سے ظلمت کا خاتمہ ہوا اور ہر طرف اجالا ہی اجالا ہوگیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ خصوصا ڈی سی او صاحب اور ڈی پی او صاحب کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ ولہ وسلم کے جلوسوں کیلئے خصوصی انتظامات کئے تھے۔