کراچی : جشن عید میلاد النبی کے انتظامات کے حوالے سے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی میں میونسپل ایمرجنسی نافذ کرکے عاشقان رسول کو بروقت بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ،ماہ ربیع النور میں اتحاد و یکجہتی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم ،ان خیالات کا اظہار حق پرست اراکین اسمبلی ،ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی کی صدارت میں عید میلاد النبی کے انتظامات کے حوالے سے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے زیر اہتمام منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام نے کیا۔
حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور تمام اداروں سے کہا ہے کہ وہ عید میلاد النبی کے موقع پر حفاظتی انتظامات کے ساتھ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کو بہتر بنا ئیں انہوں نے کے الیکٹرک سے کہاکہ عید میلاد النبی کے احترام میں یکم تا 12ربیع الاول تک لوڈ شیڈنگ ختم سے اجتناب کیا جائے تاکہ ماہ ربیع النور پر محافل میلاد و ریلی کا پر امن طور پر انعقاد کیا جاسکے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام اور لوگوں سے اپیل کی وہ ماہ مبارک میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور متحد ہوکر دہشت گردی اور انتہا پسندی کی عفریت کا خاتمہ کردیں۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے تحت عید میلاد النبی کے سیکورٹی اور بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے منعقد ہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل حسن رضا ،رینجرز ،پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران کے علاوہ بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان ،کے الیکٹرک ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،محکمہ ہیلتھ سمیت عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور تمام اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام علاقہ معززین و عمائدین ،عید میلاد النبی کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں اور محافل کے منتظمین بھی موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن قومی اسمبلی محمد علی خان نے مزید کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت پر حق پرست اراکین اسمبلی قیام امن اور اتحاد و بھائی چارگی کے فروغ کے ساتھ علاقائی سطح پر عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کی جدو جہد میں مصروف ہیں اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ماہ محرم الحرام کی طرح ماہ ربیع النور میں بھی تمام مکاتب فکر کے لوگوں کا اتحاد جاری رہیگا ۔اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں سے کہاکہ وہ عید میلاد النبی کے موقع پر مساجد اور محافل میلاد کی اجتماع گاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی و ستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی درستگی کو یقینی بنا نے کے ساتھ جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا یا جائے اس موقع پر نشاط ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ عید میلاد النبی کے موقع پر علاقائی سطح پر عوام کو درپیش فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے مسائل کا خاتمہ کیا جائے خصوصاً جلوسوں کے روٹس پر سیوریج سسٹم کو درست کیا جائے۔اجلاس میں علماء اکرام اور منتظمین کے مسائل سننے کے بعد ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ عید میلاد النبی کے حوالے سے بلدیہ کورنگی نے انتظامات کا ہنگامی بنیادوں پر آغاز کردیا گیا ۔
انشا اللہ منتظمین کی باہمی مشاورت اور اراکین اسمبلی کی معائونت کے ذریعے عید میلاد النبی کے موقع پر عاشقان رسول کو مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جائیگا ایدمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مساجد و محافل میلاد کی اجتماع گاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتر کو یقینی بنا نے کے لئے تمام تر وسائل اور محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لائیں اس موقع پر انہوں نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ حفاظتی انتظامات کو مد نظر رکھتے ہوئے مساجد و محافل اور جلوسوں کے روٹ سے تجاوزات کو فوری خاتمہ کیا جائے۔