مظفر آباد (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات، زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ عوام کی محبت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ انقلاب صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت ہی لے کر آئے گی ۔18 اکتوبر کو کراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کا بے مثال اور تاریخی جلسہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حقوق کے تحفظ کا اعادہ کرے گا جو ہمارے قائدین کا خواب ہے۔ وہ بدھ کو پی ایس ایف اور پی وائی او کے وفود سے گفتگو کررہے تھے۔
سید بازل علی نقوی نے کہا کہ آج سیاست کا ہر راستہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شخصیت سے ہو کر گزرتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائد عوام کی شخصیت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ پڑھیں اوران کے افکار سے رہنمائی حاصل کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہم آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی قیاد ت میں اپنے قائدین کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔ اس موقع پروفد نے بازل علی نقوی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہو ئے 18 اکتوبر کو کراچی کے جلسے میں بھرپور شرکت کا عزم کیا۔