سیمنٹ کی برآمد پہلی سہ ماہی میں27 فیصد گر گئی

Cement

Cement

کراچی (جیوڈیسک) سیمنٹ کی مقامی کھپت میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 11.12 فیصد کا اضافہ ہوا تاہم برآمدات میں 27.23 فیصد کی کمی ہوئی، اس طرح سیمنٹ کی انڈسٹری کی جولائی تاستمبر کے دوران مجموعی فروخت میں 1.43 فیصد کا اضافہ ہو۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر میں مقامی سیمنٹ کی فروخت 2.60 فیصد کے اضافے سے 2.48 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال اسی ماہ میں 2.42 ملین ٹن تھی جبکہ گزشتہ ماہ سیمنٹ کی برآمدات 36 فیصد کم ہوکر 4 لاکھ 67 ہزار ٹن رہ گئیں جو ستمبر 2014 میں 7 لاکھ 30 ہزار ٹن تھیں، اس طرح ستمبر 2015 میں مجموعی فروخت 6.34 فیصد گھٹ کر 2.95 ملین ٹن رہی جو ستمبر 2014 میں 3.15 ملین ٹن تھی۔

اے پی سی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ سیمنٹ انڈسٹری کو توقع ہے کہ حکومت ایرانی سیمنٹ کی آمد روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے گی جو زیادہ تر انڈرانوائسنگ اور مس ڈیکلیئریشن سے آرہی ہے۔ ملک میں سیمنٹ کی پیداواری صلاحیت پوری طرح استعمال میں نہیں آ رہی۔

اس لیے حکومت کو انڈسٹری کی مدد کرنی چاہیے تاکہ اضافی پیداواری صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے سیمنٹ کی برآمدات کو بڑھایا جا سکے ورنہ موجودہ صورت حال کے تناظر میں سیمنٹ کی برآمدات مزید کم ہوں گی، حکومت کو چاہیے کہ وہ سیمنٹ کی برآمدات بڑھانے کے لیے انڈسٹری کو مراعات پیش کرے۔