کراچی (جیوڈیسک) مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت اپریل میں 7.2 فیصد اضافے کے ساتھ 2.539 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس اسی ماہ 2.368 ملین ٹن تھی۔
سال 2014 اپریل میں سیمنٹ کی برآمدات 6 لاکھ 72 ہزار ٹن رہیں جو گزشتہ برس اپریل میں 7 لاکھ 54 ہزار ٹن تھیں، اس طرح برآمدات میں 11 فیصد کی کمی واقع ہوئی، اپریل میں مجموعی فروخت 3.21 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس اپریل میں 3.12 ملین ٹن تھی، اس طرح اس مد میں 2.8 فیصد کا اضافہ ہوا۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سیمنٹ انڈسٹری کی مقامی فروخت 21.3 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس اسی مدت کے مقابلے میں 2.7 فیصد زیادہ ہے، اس دوران برآمدات سال بہ سال 3.39 فیصد کم ہوکر 6.68 ملین ٹن رہیں، جولائی سے اپریل 2014 تک مجموعی فروخت 1.17 فیصدبڑھ کر 27.986 ملین ٹن ہوگئی جو جولائی تا اپریل 2013 تک 27.664 ملین ٹن تھی۔