کراچی (جیوڈیسک) مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت جون 2014 میں 14.32 فیصد اضافے کے ساتھ 2.532 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ برس کی اسی ماہ کے دوران سیمنٹ کی فروخت 2.215 ملین ٹن تھی۔
جون 2014 میں سیمنٹ کی برآمدات 685,000 ٹن رہیں جبکہ گزشتہ برس جون 2013 میں برآمدات 665,000 ٹن تھیں، جون 2014 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 3.217 ملین ٹن رہیں جو گزشتہ برس کی اسی ماہ میں 2.88 ملین ٹن تھیں۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2013-14 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 26.14 ملین ٹن تھی اور اس ضمن میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 4.32 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال مقامی فروخت 25.06 ملین ٹن تھی۔
مجموعی طور پر مالی سال 2013-14 میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 2.52 فیصد اضافہ ہوا، مجموعی فروخت اس اضافے کے ساتھ 34.273 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ برس جولائی 2012 تا جون 2013 تک یہ فروخت 33.432 ملین ٹن تھی۔
گزشتہ کئی برسوں کے تناظر میں پاکستان نے ریکارڈ 34.27 ملین سیمنٹ فروخت کی جو سابقہ زیادہ سے زیادہ فروخت 34.24 ملین ٹن سے قدرے زیادہ ہے جو مالی سال 2009-10 میں حاصل کی گئی تھی۔ اس سال فروخت میں اضافے مقامی کھپت میں اضافے کے باعث ہے جو 26.14 ملین ٹن ہے۔
اے پی سی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ حکومتی ناموافق ریگولیشنز اور برآمدات میں کمی کے باوجود سیمنٹ انڈسٹری نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2009 -10 میں سیمنٹ کی فروخت 10.65 ملین ٹن تھی جبکہ سال 2013-14 میں صرف برآمدات ہی 8.13 ملین ٹن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کی فروخت میں ایندھن ایک اہم جز ہے اور پاکستان میں گزشتہ 5 برس میں گیس ، ڈیزل، کوئلے، بجلی کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہوا ہے، معاشی سرگرمیوں کی وجہ سے انڈسٹری تباہی سے بچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 ماہ میں سیمنٹ کی فروخت 3 ملین ٹن سے زیادہ رہی اور سب سے زیادہ جون 2014 میں 3.217 ملین ٹن رہی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں سے بڑی تعداد میں شہریوں کی منتقلی سے ان علاقوں میں بحالی کا عمل شروع ہونے کے بعد سیمنٹ کی زیادہ طلب رہے گی، سیلز ٹیکس کے تھرڈ شیڈول میں سیمنٹ کے اقدام سے ان علاقوں میں سیمنٹ کی مناسب نرخ پر سپلائی میں رکاوٹ درپیش رہے گی۔