اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ مردم شماری کے حوالے سے صوبوں کے تحفظات دور کریں گے‘ وفاقی بیورو شماریات نے مردم شماری کروانی ہے‘ مردم شماری کرانے کی منظوری کا کریڈٹ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کو جاتا ہے‘ مشترکہ مفادات کونسل کے 29 فروری کو ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں مردم شماری شامل ہے۔
وہ قومی اسمبلی میں نعیمہ کشور خان کے مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں سندھ اور صوبہ خیبر پختونخوا کے مسائل ‘ مردم شماری اور اقتصادی راہداری سے متعلق معاملات کی عدم شمولیت کے حوالے سے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کی وزارت صوبوں کی نمائندہ وزارت ہے، ہم نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مرکز اور صوبوں کے درمیان کوئی بھی اختلافی مسئلہ یکطرفہ طور پر حل نہیں کیا جاسکتا اور جس مسئلے پر صوبوں کے تحفظات ہونگے وہ دور ہوں گے۔