گجرات، لاہور: (پریس ریلیز) مرکز اہلسنت نیک آباد شریف میں سالانہ معراج النبیۖ کانفرنس اور ولی کامل خواجہ پیر محمد نیک عالم قادری رحمة اللہ علیہ کے عرس مبارک کی تقریبات اختتام پذیر۔ ہزاروں حضرات وخواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر مفتی اعظم مفتی محمد اشرف القادری، پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری، شیخ الحدیث حافظ خادم حسین رضوی، خطیب الاسلام مولانا فاروق الحسن، پروفیسر محمد عظیم، علامہ حنیف طاہر،علامہ عامر اسلم، مولانا عبد الرحمن نعیمی، مولانا تلاوت ودیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ معراج النبیۖ کے موقع پر خالق کائنات نے اپنی عظیم تخلیق حضرت محمد مصطفیۖ کو اپنا قرب عطا فرماکر ”قاب قوسین او ادنیٰ” کے منصب پر فائز فرمایا، اپنی زیارت عطا فرمائی، اور ارضیات اور فلکیات کی نعمتوں اور جنت ودوزخ کا مشاہدہ کرایا۔ اس عظیم سفر میں انبیاء سابقین، فرشتوں اور حوروں نے رسول اللہۖ کے استقبال کئے اور اللہ رب العالمین نے نماز اوردیگر تحائف عطا فرمائے۔ نیز اسی سفر میں رسول اللہۖ نے انبیاء رسل اورر ملائکہ کی امامت کراکے تاریخ میں نئے باب کا اضافہ فرمایا۔
علماء کرام نے کہا کہ معراج ایک ایسا عظیم معجزہ ہے جس نے قیامت تک آنے والوں کو عاجز کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسائل واسباب سے مالا مال وطن عزیز میں مہنگائی ،غربت ،لوڈ شیڈنگ کی وجہ حکام کی کرپشن ، عیاشی، لاقانونیت اور اغیار کی غلامی ہے۔ اس موقع پر وطن عزیز میں بڑھتی ہوئی تباہ کن فحاشی وعریانی کی مذمت کی گئی اور زور دیا گیا کہ پاکستان دوقومی نظریہ کی بنیاد پر بنا تھا لہذا نظریہ پاکستان پر عمل کرتے ہوئے ملک میں نظام مصطفیۖ اور نظام خلافت راشدہ نفاذ کیا جائے۔ مقرین نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمان تزکیہ نفس، اصلاح معاشرہ، اعلیٰ اخلاق اور خدمت خلق کی اصولوں پر عمل پیرا ہوں۔
اس موقع پر درج ذیل قرار دادیں منظور کرائیں گئیں: ٭حکومت اور ذمہ داران گستاخان رسول کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچائیں اور دنیا بھر میں توہین کتب سماویہ اور گستاخی انبیا کے انسداد کیلئے لائحہ عمل مرتب کریں۔ ٭حکومت چاروں طرف سپیکر پر اذان دینے کی پابندی ختم کرے اور مساجد، محافل میلاد، اور محب وطن سنی بریلوی علماء کیخلاف ناجائز کاروائیاں بند کی جائیں، بصورت دیگر تحریک لبیک یارسول اللہۖ ملک بھر میں فیصلہ کن اور شدید احتجاج کریگی۔ ٭میڈیا، کھیلوں، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی مقامات سے بے حیائی وفحاشی بند کرائی جائے اور مملکت خدا داد میں مخلوط نظام تعلیم کی بجائے طلبہ وطالبات کیلئے الگ الگ تعلیم کا انتظام کیا جائے۔ ٭دہشت گردی اور اندرونی بیرونی سازشوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ ٭نفاذ نظام مصطفیۖ، تحفظ ناموس رسالت وختم نبوتۖ اور عوام کے فلاح وبہبود کیلئے ملک بھر کے مسلمان ”تحریک لبیک یارسول اللہۖ” کا ساتھ دیںاور آئندہ الیکشن میں” تحریک لبیک یارسول اللہۖ” کے امید واروں کو کامیاب کرائیں۔
کانفرنس کے بعد پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری اور شیخ الحدیث حافظ خادم حسین رضوی نے باب غوث اعظم جی ٹی روڈ کے پاس ”تحریک لبیک یارسول اللہۖ” کے ضلعی دفتر کا افتتاح کیا۔ کانفرنس میں قاری ناصر ساقی نے تلاوت قرآن مجید اور قاری خالد محمود نے ہدیہ نعت بحضور سرور کونین ۖ کا اعزاز حاصل کیا۔